یوم عرفہ اور عید الاضحیٰ کی مناسبت سے آغا سید حسن کا پیغام

آغا حسن نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے بڑی سے بڑی قربانیوں پر آمادگی کے تجدید عہد کا دن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ مہلک وبائی صورتحال میں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں اور یوم عرفہ و عید الاضحیٰ کے اعمال و عبادات حسب سابقہ گھروں میں ہی انجام دیں۔

 سفیر امام حسینؑ مسلم بن عقیلؑ کے یوم شہادت، یوم عرفہ اور عید الاضحیٰ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے پیغام میں عوام  سے اپیل کی کہ عشرہ ذی الحجہ کے ایام جذبہ عشق و ایثار اور صبر و رضای الٰہی کا پیام دیتے ہیں۔ یوم عرفہ ایک با عظمت و بافضیلت دن ہے جس کو دعاؤں کی استجابت اور بخشش و مغفرت کا ضامن قرار دیا گیا ہے۔ اسی مقدس دن کو ملوکیت کے بدترین پرستاروں نے مسجد کوفہ میں نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسینؑ کے سفیر اور نمایندہ خصوصی حضرت مسلم بن عقیلؑ کو نہایت بے دردی کے ساتھ شہید کیا اور تاریخ اسلام میں ایک جگرسوز باب کا اضافہ کیا۔

عیدالاضحیٰ کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ سیدنا حضرت ابراہیمؐ کے جذبۂ عشق الٰہی اور ان کے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کا جذبۂ صبر و رضا معرفت الٰہی کا وہ شاندار مظاہرہ ہے جو رہتی دنیا تک توحید پرستوں کے ایمان و عقیدے کو سرتازگی عطا کرتا رہے گا۔ یہ جذبہ ایثار و رضا اللہ تعالیٰ نے اس قدر پسند فرمایا کہ پدر و پسر اور مادر کی ان ساری حرکات کی یاد تازہ کرنے کو حج اکبر قرار دیکر اللہ تعالیٰ نے رہتی دنیا تک زندہ و جاوید رکھا۔